پایگاه اطلاع رسانی آیت الله ابراهیم امینی قدس سره

ماں كى غذا

ماں کى غذا

یہاں ان مختلف قسم کى غذا،ں کے بارے میں تحقیق نہیں کر سکتے اور نہ ہى ان کے خواص اور آثار گنواسکتے ہیں کیونکہ ایک دشوار اور مفصّل بحث ہے _ اورراقم اس میں ماہر بھى نہیں ہے خوش قسمتى سے اس سلسلے میں بہت سى مفید کتابیں لکھى جا چکى ہیں _ قارئین ان کى طرف رجوع کر سکتے ہیں _ برا نہیں کچھ مجموعى طور پر اس سلسلے میں بعض امور کى یاددہانى کروادى جائے _

اگر چہ حاملہ عورتوں کى غذائی ضروریات بڑھ جاتى ہیں لیکن یہ امر باعث افسوس ہے کہ ان میں کھانے کى طلب کم پڑجاتى ہے _ اور ان میں اکثر کى طبیعت بوجہل سى ہوجاتى ہے ایسى صورت میں انہیں کوشش کرنى چاہیے کہ ایسى کم حجم غذائیں کھائیں کہ جو غذائیت کے اعتبار سے کامل اور بھر پور ہوں _ انسانى بدن کو جن غذاؤںکى ضرورت ہے وہ مختلف چیزوں میں پھیلى ہوئی ہیں _ لہذا غذا میں تنوّع رکھنے سے ایک عورت کے لیے بہترین غذائی پروگرام تشکیل پا سکتا ہے _ اس ضمن میں ایک ماہر لکھتے ہیں _

''بدن کو صحیح و سالم رکھنے کے لیے نہ فقط حسب کفایت غذا کى ضرورت ہوتى ہے بلکہ چاہیے کہ غذا متنوع ہو اور مناسب طور پر صرف کى جائے _ (1)

ایک اور ماہر لکھتے ہیں;

ماں کو چاہیے کہ وہ اپنى صبح و شام کى غذا میں کچھ اضافى وٹامن اور معدنیات اپنے جسم کو مہیا کرے تا کہ جنین اپنے سات مہینے کے رشد کے سفر میں اس سے استفادہ کرسکے اور اس سے نہ صرف دانت اور مسوڑھے بن سکیں بلکہ اس کى پیچیدہ ہڈیاں بھى نشو و نما پا سکیں_(2)

ڈاکٹر غیاث الدین جزائرى لکھتے ہیں;

دہى اور پنیر کا استعمال حالت حمل میں عورت کو وٹامن (VITAMIN) اور خاص قسم کا خمیر مہیا کرتا ہے اور اسے ادھر ادھر کى دوسرى چیزوں کے کھانے سے روکنے میں مفید ہوتا ہے _ البتہ کھٹا دہى استعمال کرنا حاملہ عورت کے لیے مفید نہیں ہے _ باسى پنیر کا بھى کوئی مزہ نہیں ہے _ ہر روز صبح ناشتہ کے طور پر ایک گلاس دودھ کا پینا حاملہ عورت کے لیے ضرورى ہے _ نیز آب جو کا خمیر اور دلیہ بھى مفید ہے اور جڑى ،شیردان ، دل کلیجى اور جگر میں وٹامن بى بہت زیادہ پایا جاتا ہے اور یہ مفید بھى ہیں _ (3)

بہت اچھا ہے کہ حاملہ عورتیں مسلسل صحیح طریقے سے دودھ سے استفادہ کریں یہ غذا اس قدر مفید اور کامل ہے کہ انبیاء کى باقاعدہ غذا رہى ہے _

حضرت صادق علیہ السلام فرماتے ہیں;

دودھ انبیاء کى غذا ہے _(4)

ڈاکٹر غیاث الدین جزائرى لکھتے ہیں:

زیادہ تر عورتیں حمل کے دوران کیلشیم کى کمى کى وجہ سے پاؤں میں درد، کمر درد ، اور ناخنوں کے ٹوٹنے میں مبتلا ہوجاتى ہیں _ لہذا حاملہ خواتین کو نصیحت کى جاتى ہے کہ وہ ایسے پھل اور سبزیاں کھائیں کہ جن میں کیلشیم زیادہ ہوتى ہے _ اور اسى طرح یخنى اور آبلیمو کو فراموش نہ کریں (5)

عام لوگوں کے لیے اور خاص طور پر حاملہ خواتین کے لئے کچى اور پکى سبزیاں اور مختلف پھل بہترین غذا ہیں _ پودے اور درخت غذائی مواد زمین ، پانی، ہوا اور سورج کى روشنى سے حاصل کرتے ہیں اور ہمارے لئے غذا تیار کرتے ہیں _صحیح و سالم غذا کے لئے تمام پھل مفید میں البتہ خاص طور پر مرکبات ، سى ، بہى دانہ ، ناشپاتى ، اور کھجور مفید ہیں لیکن ہر پھل میں تمام تر مواد غذائی نہیں ہوتا _ ہر ایک کا اپنا خاص فائدہ اور تاثیر ہے _ اسى طرح ہر سبزى کو اپنى خاصیت ہے _ مختلف وٹامن اور مختلف قسم کا غذائی مواد مختلف پھلوں ، اناج اور سبزیوں میں پھیلا ہو اہے _ جو شخص اپنى صحت و تندرستى کا خواہش مند ہو اسے چاہیے کہ وہ مختلف پھلوں اور سبزیوں سے اگر چہ کبھى کبھار ہوا ستفادہ کرے _ خاص طور پر حاملہ عورتوں کے لے ایسا کرنا مفید اور ضرورى ہے _ دین اسلام نے مسلمانوں سے اور خاص طور پر حاملہ عورتوں کو تاکید کى ہے کہ وہ پھلوں اور سبزیوں سے استفادہ کریں _ نمونے کے طور پر چند ایک روایات ذکر کى جاتى ہیں _

امام صادق علیہ السلام نے فرمایا:

ہر چیز کى کوئی نہ کوئی زینت ہے اور سبزى دستر خوان کى زینت ہے _ (6)

ایک روز امام رضا علیہ السلام کھانے کے لیے بیٹھے دیکھا کہ سلاد موجود نہیں ہے خادم سے فرمایا:

توجانتا ہے کہ میں سلاد کے بغیر کھانا نہیں کھاتا مہربانى کر و اور سلاد بھى لے آؤ_

اور جب سلاد آیا تو امام نے کھانا شروع کیا _ (7)

پیغمبر اکرم (ص) نے فرمایا:

بہى دانہ کھاؤکیوں کہ بہى دانہ عقل کو بڑھاتا ہے ، غم کو دور کرتا ہے اور بچے کو نیک کرتا ہے _(8)

پیغمبر اسلام(ص) نے فرمایا:

بہى دانہ کھاؤ اور اس اچھے پھل کو اپنے دوستوں کو ہدیہ کے طور پر دو _ کیونکہ بہى دانہ آنکھوں کى بینائی کو زیادہ کرتا ہے اور دلوں کو مہربان کرتا ہے ، حاملہ عورتیں بھى اس میوے سے خوب استفادہ کریں تا کہ ان کى اولاد نیک اور خوبصورت ہو _ (9)

پیغمبر اکرم(ص) نے فرمایا:

حاملہ عورتیں آخرى مہینوں میں کھجور کھائیں تا کہ ان کے بچے بردبار ہوں _(10)

حضرت على علیہ السلام نے فرمایا:

کھجور کھاؤ کیونکہ کھجور سب دردوں کى دوا ہے _(11)

اس طرح کى احادیث بہت سى ہیں _ یہ چند حدیثیں نمونے کے طور پر ذکر کى گئی ہیں _ آپ پھلوں اور سبزیوں کے خواص کتابوں میں پڑھیں اور اس کے مطابق اپنے کھانے کا پروگرام تیار کریں _ یا پھر اس سلسے میں کسى غذا شناس ڈاکٹر سے مشورہ کریں _

1_ علم و زندگى ص 426_
2_ بیوگرافى پیش از تولد ص 80_
3_ اعجاز خوراکیہا ص 223_
4_ بحار جلد 66 ص 101_
5_ اعجاز خوراکیہا ص 224
6_ مستدرک _ جلد 3 _ص 118
7_ مکارم الاخلاق _جلد 1 _ص 201
8_ مکارم الاخلاق ، ج 1، ص 196
9_ مستدرک ، ج 3 ، ص 116
10_مستدرک، ج 3 ، ص 113
11_ مستدرک ج 3 ، ص 112