پایگاه اطلاع رسانی آیت الله ابراهیم امینی قدس سره

احاديث مہدى (عج) اہلسنّت كى كتابوں ميں

احادیث مہدى (عج) اہلسنّت کى کتابوں میں

فہیمی: ہوشیار صاحب احباب جانتے ہیں لیکن آپ کى اطلاع کے لئے عرض ہے کہ میرا تعلق اہل سنّت سے ہے اور شیعوں کى احادیث کے بارے میں آپ کى طرح حسن ظن نہیں رکھتا ہوں میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ جب کچھ اسباب کى بناپر شیعہ مہدویت کى داستان کے معتقد ہوگئے تھے اس وقت انہوں نے اپنے عقیدہ کے اثبات کے لئے کچھ حدیثیں گڑھى تھیں اور انھیں پیغمبر (ص) کى طرف منسوب کردیا تھا اور اس احتمال کا ثبوت یہ ہے کہ مہدى سے متعلق حدیثیں صرف شیعوں کى کتابوں میں مرقوم ہیں _ ہمارى صحاح میں ان کا کہیں نام و نشان نہیں ہے _ ہاں ہمارى غیر معتبر کتابوں میں مہدى سے متعلق چند حدیثیں مرقوم ہیں _(1) ہوشیار: اگر چہ بنى امیہ و بنى عباس کے زمانہء حکومت میں عام طور پر ایک مارشل لانافذ تھا، حکومت کى طاقت و سیاست اور مذہبى تعصب کى نباپر اہل بیت کى امامت و ولایت سے متعلق احادیث نہ بیان ہوسکتى تھیں اور نہ کتابوں میں درج ہوسکتى تھیں _ لیکن اس کے باوجود آپ کى احادیث کى کتابوں میں مہدى سے متعلق حدیثیں درج ہیں _ اگر تھکے نہ ہوں تو ان میں سے چند حدیثیں آپ کے سامنے پیش کروں ؟
 

اینجنئر : ہوشیار صاحب آپ سلسلہ جارى رکھیں _

ہوشیار: فہیمى صاحب آپ کى صحاح میں مہدى کے نام سے ایک باب منعقد ہواہے اور اس میں پیغمبر(ص) کى حدیثیں نقل ہوئی ہیں ، بطور مثال:

عبداللہ نے پیغمبر(ص) سے روایت کى ہے کہ آپ نے فرمایا: '' دنیا اس وقت تک فنا نہیں ہوگى جب تک عرب کا مالک میرے اہل بیت میں سے وہ شخص نہ ہوگا جس کا نام میرا نام ہے '' (2)

اس حدیث کو ترمذى اپنى صحیح میں نقل کرنے کے بعد لکھتے ہیں:'' یہ حدیث صحیح ہے اور مہدى کے بارے میں ابو سعید، ام سلمہ اور ابوہریرہ نے بھى روایت کى ہے_''

على (ع) بن ابى طالب نے روایت کى ہے کہ رسول (ص) نے فرمایا: '' اگر دنیا کا ایک دن بھى باقى رہے گا تو بھى خداوند عالم اہل بیت میں سے اس شخص کو بھیجے گا جو زمین کو اسى طرح عدل و انصاف سے پر کرے گا جس طرح وہ ظلم و جور سے بھر چکى ہوگى ''_ (3)

ام سلمہ کہتى ہیں کہ میں نے رسول (ص) سے سنا کہ آپ نے فرمایا:'' مہدى میرى عترت اور فاطمہ (ع) کى اولاد سے ہوگا '' (4)

ابو سعید کہتے ہیں کہ پیغمبر (ص) نے فرمایا: '' ہمارا کشادہ پیشانى اور اونچى ناک والا مہدى زمین کو اسى طرح عدل و انصاف سے پر کرے گا جس طرح وہ ظلم و جور سے بھرچکى ہوگى اور سات سال حکومت کرے گا _'' (5)

حضرت على (ع) بن ابى طالب نے رسول (ص) سے نقل کیا ہے کہ آپ نے فرمایا:'' مہدى میرے اہل بیت سے ہے ، خداوند عالم ان کے انقلاب کے اسباب ایک رات میں فراہم کردے گا '' _ (6)

ابوسعید نے رسول خدا سے روایت کى ہے کہ آپ (ص) نے فرمایا: ''جب زمین ظلم و جور سے بھر جائے گى اس وقت میرے اہل بیت میں سے ایک شخص ظہور کرے گا اور 7 یا 9 سال حکومت کرے گا اور زمین کو عد ل و انصاف سے پر کرے گا ''_ (7)

ابوسعید نے پیغمبر اکرم (ص) سے روایت کى ہے کہ آپ (ص) نے فرمایا:'' آخرى زمانہ میں میرى امت کے سرپر بادشاہ بلائیں اور مصیبتیں لائے گا _ ایسى بلائیں اور ظلم کو جو کبھى سنانہ گیا ہوگا _ میرى امت پر زمین اپنى وسعت کے باوجود تنگ ہوجائے گى اور ظلم وجور سے بھر جائے گى _ مسلمانوں کا کوئی فریاد رس و پناہ دینے والا نہ ہوگا _ اس وقت خداوند عالم میرے اہل بیت میں سے ایک شخص کو بھیجے گا جو کہ زمین کو اسى طرح عدل و انصاف سے پر کرے گا جس طرح وہ ظلم و جور سے بھر چکى تھى _ زمین و آسمان کے مکین اس سے راضى ہوں گے _ اس کے لئے زمین اپنے خزانے اگل دے گى اور آسمان پے درپے بارش برسائے گا _ 7 یا 9 سال لوگوں کے درمیان زندگى بسر کرے گا _ اور زمین والوں پر جو خدا کى رحمتیں اور لطف ہوگا اس کے

پیش نظر مرد ے زندگى کى آرزو کریں گے 8

ایسى ہى اور احادیث بھى کى کتابوں میں موجود ہیں لیکن اثبات مدعا کیلئے اتنى ہى کافى ہیں _

 

 

1_ المہدیہ فى الاسلام تألیف سعد محمدحسن ، ط مصر سال 1373 ص 69 _ مقدمہ ابن خلدون ط مصر مط محمد ص 311_
2_ صحیح ترمذى ج 4 باب ماجاء فى المہدى ص 515 _ کتاب ینابیع المودة تألیف شیخ سلیمان ط سال 1308 ج2 ص 180_کتاب البیان فى اخبار صاحب الزمان تألیف محمد بن یوسف شافعى ط نجف ص 57_ کتاب نور الابصار ص 171 _ مشکوة المصابیح ص 270_
3_ صحیح ابى داود ج 2 کتاب المہدى ص 207 _ البیان ص 59_ کتاب نور الابصار تألیف شبلنجى ص 156 _ الصواعق المحرقہ تألیف ابن حجر ط قاہرہ ص 161 _ کتاب فصول المہمہ تالیف ابن صباغ ط نجف ص 275 _ کتاب اسعاف الراغبین تألیف محمد الصبان _
4_ صحیح ابى داؤد ج 2 کتاب المہدى ص 207_ ابوداؤد در این باب 11 حدیث نقل کردہ است _ صحیح ابن ماجہ باب خروج المہدى ج 2 ص 519_الصواعق ص 161_ البیان ص 64 _ مشکوة المصابیح تالیف محمد بن عبداللہ خطیب ط دہلى ص 270_
5_ صحیح ابى داوؤد ج 2 کتاب المہدى ص 208 _ فصول المہمہ ص 275_ نور الابصار ط مصرص 170 _ ینابیع المودة ج ، ص 161
6_ صحیح ابن ماجہ ج 2 باب خروج المہدى ص 519 _ اس باب میں 7 حدیثیں ذکر ہوئی ہیں _ الصواعق المحرقہ ص 161
7_ مسند احمد ج 3 ص 28 باب مسند ات ابى سعید الخدرى میں مہدى کے بارے ایک حدیث ذکر ہوئی ہے _ ینابع المودة ج 2 ص 227
8_ من خیرہ البیان ص 72_ الصواعق المحرقہ ص 161 _ ینابیع ج 2 ص 177_