پایگاه اطلاع رسانی آیت الله ابراهیم امینی قدس سره

ظہور كب ہوگا؟

ظہور کب ہوگا؟

ڈاکٹر : مہدى موعو د کب ظہور فرمائیں گے ؟

ہوشیار: ظہور کے لئے کسى وقت کى تعیین نہیں ہوئی ہے بلکہ وقت کى تعیین کرنے والے کو ائمہ اطہار علیہم السلام نے جھوٹا قرار دیا ہے چند احادیث ملاحظہ فرمائیں :

فضل کہتے ہیں : میں نے امام محمد باقر (ع) کى خدمت میں عرض کى : کیا مہدى کے ظہور کا وقت معیّن ہے ؟ امام (ع) نے جواب میں تین مرتبہ فرمایا:

''جو شخص ظہور کے وقت کى تعیین کرتا ہے وہ جھوٹا ہے '' ( 1)

عبد الرحمن بن کثیر کہتے ہیں : میں امام صادق (ع) کى خدمت میں تھا کہ مہزم اسدى آئے اور عرض کى : میں آپ(ع) کے قربان ، قائم آل محمد (ص) کا ظہور اور حکومت حق کى تشکیل ، کہ جس کے آپ منتظر ہیں ، کب ہوگا ؟ آپ (ع) نے جواب دیا :

'' ظہور کے وقت کى تعیین کرنے والا جھوٹا ہے ، تعجیل کرنے والے ہلاک ہوتے ہیں اور سراپا تسلیم لوگ نجات پاتے ہیں اور ان کى بازگشت ہمارى طرف ہوتى ہے '' (2)

محمد بن مسلم کہتے ہیں : امام صادق (ع) نے مجھ سے فرمایا :

''جو شخص وقت ظہور کى تعیین کرتاہے _ اس کى تکذیب کرنے میں خوف محسوس نہ کرو کیونکہ ہم ظہور کے وقت کى تعیین نہیں کرتے '' _ اس سلسلہ میں دس احادیث اور ہیں _ (3)

ا ن احادیث سے یہ بات سمجھ میں آتى ہے کہ پیغمبر اکرم اور ائمہ اطہار (ع) نے ظہور کے وقت کى تعیین نہیں کى ہے اور ہر غلط فائدہ اٹھائے والے کا راستہ بند کردیا ہے _ پس اگر امام کى طرف کسى ایسى حدیث کى نسبت دى جائے کہ جس میں وقت کى تعیین کى گئی ہو تو اسکى تاویل کى جائے اگر قابل تاویل ہے یا اس کے بارے میں سکوت کرنا چاہئے یا اسکى تکذیب کرنا چاہئے جیسے ابولبید مخزومى کى ضعیف و مجمل حدیث میں امام کى طرف بعض مطالب کى طرف نسبت دى گئی ہے او ران کے ضمن میں کہا ہے کہ ہمارا قائم '' الر'' میں قیام کرے گا _ (4)

 

1_ بحار الانوار ج 52 ص 103_
2_ بحار الانوار ج 52 ص 103_
3_ بحارالانوار ج 52 ص 104_
4_ بحاراالانوار ج 52 ص 106_