پایگاه اطلاع رسانی آیت الله ابراهیم امینی قدس سره

صفائي

صفائی

خانہ دارى کے اہم فرائض میں سے ایک کام مکان اور گرہستى کے سامان کوصاف و ستھرارکھنا ہے_ صفائی ، اہل خاندان کى صحت و سلامتى میں معاون ثابت ہوتى ہے اور بہت سى بیماریوں سے محفوظ رکھتى ہے_ صاف ستھرى گھر میں رہنے سے دل ہشاش بشاش رہتاہے _ مرد کو گھر میں کشش محسوس ہوتى ہے _ صفائی ، خاندان کى سربلندى اور عزت کا سبب بنتى ہے _ یہى سبب ہے کہ رسول خدا صلى اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا ہے کہ ''دین کى بنیاد صفائی پر رکھى گئی ہے '' _ (107)

ایک اور مقام پر آنحضرت (ص) فرماتے ہیں : اسلام پاک و پاکیزہ ہے _ تم بھى پاکیزہ رہنے کى کوشش کرو _ کیونکہ صرف پاک و پاکیزہ لوگ ہى بہشت میں جائیں گے '' _ (108)

گھر کو ہمیشہ صاف ستھرارکھئے _ ہرروز جھاڑودیجئے اور گردو غبار صاف کیجئے _ دن بھر میں اگر کوئی جگہ گندى ہوجائے تو اس کو فوراً صاف کردیجئے _ یونہى نہ چھوڑدیجئے کہ جب جھاڑودى جائے گى تو اسے بھى صاف کردیا جائے گا _ کمروں کى چھتوں اور درو دیوار وں کو صاف کیجئے_ جالے صاف کیجئے _ فرنیچر ، میز کرسى اور گھر کے تمام سامان کو صاف کیجئے _ دروازوں اور کھڑکیوں کے شیشوں کو صاف کیجئے _ کوڑے کرکٹ کو بندمنہ کے برتن میں دالیئےور کمروں و باورچى خانہ سے دور رکھیئےاکہ کھانے پینے کى چیزیں آلودہ ہونے سے محفوظ رہیں _ کوڑے دان کو جلدى جلدى خالى کر لیا کیجئے _ ورنہ دیر تک کوڑا پڑا رہنے سے سرانڈپیدا ہوجائے گى اور کیڑے پڑجائیں گے _ گندگى اور کوڑے کرکٹ کو گلى میںگھروں کے سامنے نہ پھینکئے _ کیونکہ یہ چیز حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ہے اس میں جراثیم پیدا ہوکر ہوا اور مکھیوں کے ذریعہ نہ صرف دوسروں کے لئے بلکہ خود آپ کى صحت و سلامتى کے لئے ضرر رساں ثابت ہوسکتے ہیں _ کوشش کیجئے بچے صحن یا باغچہ میں پیشاب نہ کریں البتہ اگر کوئی چارہ ہى نہ ہو تو صحن کے کنارے انھیں بٹھایئےور فوراً اس جگہ کو پانى سے دھوڈالئے تا کہ بدبونہ آئے اور جراثیم پیدا نہ ہوں بطور مجموعى کوشش کیجئے کہ آپ کے گھر کا کونہ کونہ صاف ستھرارہے اور کہیں بھى گندگى نہ ہو او رکیڑے پیدا ہونے کا امکان نہ رہے _

جھوٹے اور چکنے برتنوں کو جہاں تک ہوسکے فوراً دھوڈالئے _ اگر یونہى چھوڑدیا تو ممکن ہے جراثیم پیدا ہوکر آپ کى صحت و سلامتى کے لئے خطرہ بن جائیں برتنوں کو صاف پانى سے دھویئے اور اگر حوض یا کسى جگہ جمع کئے ہوئے پانى سے دھوئے ہوں تو بعد میں ایک بار اس پر پاک و صاف پانى ڈال دیجئے _ کیونکہ ممکن ہے رکے ہونے کے سبب حوض کا پانى آلودہ ہو اور آپ کى صحت کے لئے ضرر رساں ہو _ برتنوں کو دھونے کے بعد ایک مناسب و محفوظ جگہ پر رکھدیجئے _ بہتر ہے اس پر ایک صاف کپڑا ڈالدیں _ میلے کپڑوں خصوصاً بچے کے پیشاب پاخانہ کے کپڑوں کو کمروں اور باورچى خانہ سے دور رکھئے اور اس طرح رکھئے کہ مکھیاں ، جن کے پاس طرح طرح کے جراثیم ہوتے ہیں ، اس پر نہ بیٹھیں اور ان کپڑوں کو جہاں تک ہوسکے جلدى دھولیا کیجئے _ ہمیشہ صاف ستھرے کپڑے پہنئے اور بچوں کو بھى صاف ستھرا رکھئے _ خاص طور پر نیچے پہننے والے کپڑے ہمیشہ صاف ہونے چاہئیں کیونکہ وہ براہ راست بدن سے مس ہوتے ہیں _

گوشت ، دالوں اور دوسرى کھانے والى چیزوں کو پکانے سے پہلے خوب اچھى طرح دھولیا کیجئے _ خاص طور پر سبزیوں کو کئی بار بہت احتیاط سے دھونا چاہئے کیونکہ اکثر اس میں کیڑے اور جراثیم ہوتے ہیں جو بہت نقصان وہ ہوتے ہیں _ پھلوں کو کھانے سے پہلے خوب اچھى طرح مل کر دھولینا چاہئے کیونکہ درختوں پر اکثر کیڑے مارنے والى دوائیں چھڑکى جاتى ہیں ا س لئے اس بات کا امکان رہتا ہے کہ اس میں زہر سرایت کرگیا ہو _ ہوسکتاہے اس کا فورى اثر نہ ہو لیکن بعد میں اس کا یقینا اثر ہوگا _ کھانے سے قبل اپنے اور بچوں کے ہاتھوں کو اچھى طرح دھولیا کیجئے اگر چھرى کانٹے سے کھانا کھائیں تب بھى ہاتھوں کادھولینا بہتر ہے ممکن ہے آلودہ ہو جو آپ کى تندرسى کے لئے نقصان وہ بن جائیں _ کھانا کھانے کے بعد اپنے ہاتھوں اور دانتوں کو دھونئے دانتوں میں خلال کرنا چاہئے _ دانتوں اور مسوڑہوں میں کھانے کے اجزاء رہ جاتے ہیں جو سڑتے ہیں اور ان میں بدلو پیدا ہوجاتى ہے _

بہتر تو یہ ہے کہ ہر دفعہ کھانے کے بعد دانتوں میں برش کریں _ لیکن اگر یہ آپ کے لئے مشکل ہو تو کم سے کم رات کو سونے سے پہلے ضرور برش کرلیا کریں _اس طرح آپ اپنے دانتوں کى حفاظت کرسکیں گى اور آپ تندرسى بھى قائم رہے گى _

اپنے ناخنوں کو ہفتہ میں کم از کم ایک بار ضرور کا ٹا کریں _ ناخن بڑے ہونے سے جراثیم پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے جو آپ کى صحت کے لئے نقصان وہ ہے _ صحت کى لئے نہانا بے حد ضرورى ہے _ بہتر ہے کم از کم ایک دن چھوڑ کر ضرور نہالیا کریں _ بغلوں کے نیچے اور دوسرے غیر ضرورى بالوں کو صاف کرنا صحت و سلامتى کیلئے بے حد ضرورى ہے ورنہ ان غیر ضرورى بالوں کے بڑھنے سے اس میں گندگى اور جراثیم پیدا ہوجانے کا امکان رہتا ہے _ کھانے پینے کى چیزوں کو مکھیوں سے محفوظ رکھئے _ اسلام کى مقدس شرع میں صفائی پر بہت زیادہ زور دیا گیا ہے جن میں سے چند کا ذکر کیا جاتاہے _

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں : خدا خوبصورتى اور زینت کرنے کو پسند فرماتے ہے او رفقر و غربت کا مظاہرہ کرنے کو مکروہ کہا گیا ہے_ خداوند عالم پسند فرماتے ہے کہ اپنى نعمتوں کے آثار اپنے بندے میں دیکھے _ اس کا لباس پاک اور صاف ستھرا ہو _ خوشبو استعمال کرے _ اپنے گھر کو صاف ستھرااور سجاکے رکھے _ گھر اور اس کے اطراف میں جھاڑولگاؤ_ غروب سے پہلے چراغ روشن کرے _ کیونکہ یہ عمل فقر کو گھر سے دور رکھتا ہے اورروزى میں اضافہ کرتاہے ''_ (109)

حضرت رسول خدا صلى اللہ علیہ و آلہ و سلم فرماتے ہیں : میلا کچیلا آدمى ، ایک خراب بندہ ہوتا ہے '' _ (110)

حضر ت على علیہ السلام فرماتے ہیں : مکڑى کے جالوں کو اپنے گھروں سے صاف کرو_ کیونکہ یہ چیز نادارى کا باعث ہوتى ہے _ (111)

حضرت رسول خدا صلى اللہ علیہ و آلہ و سلم کا ارشاد گرامى ہے : کوڑے کرکٹ کورات میں گھر میں نہ پڑا رہنے دو کیونکہ وہ شیطانى کى جگہ ہوتى ہے _ (112)

پیغمبر اسلام (ص) کا یہ بھى ارشاد گرامى ہے کہ : کوڑے کرکٹ کو گھر کے دروازے کے سامنے نہ پھینکو کیونکہ وہ شیطان کى جگہ بن جاتى ہے _ (113)

آنحضرت صلى اللہ علیہ و آلہ و سلم فرماتے ہیں : انسان کا لباس ہمیشہ پاکو صاف ہونا چاہئے (114) ایک اور موقعہ پر آپ فرماتے ہیں : میلے کچیلے رومال کو گھر میں نہ پھینکو کیونکہ شیطان کى جگہ بن جاتى (115) ہے

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں : برتنوں کو دھونا اور گھر کو صاف کرنا ، روزى میں اضافہ کرتا ہے _ (116)

آپ کا یہ بھى ارشاد ہے کہ : برتنوں کو ڈھانک کررکھنا چاہئے کیونکہ شیطان ان میں تھوکتا ہے اور ان سے استفادہ کرتا ہے _ (117)

ایک اور جگہ آپ فرماتے ہیں : پھلوں کو خوب اچھى طرح دھوکرکھانا چاہئے _ اس میں زہر ہوتا ہے _ (118)

حضرت امام موسى کاظم علیہ السلام فرماتے ہیں : ایک دن چھوڑ کر نہانا ، انسان کو موٹا کرتا ہے (119)

حضرت رسول خدا صلى اللہ علیہ و آلہ و سلم کا ارشادگرامى ہے : اگر میرى امت کے لئے دشوار نہ ہوتا تومیں واجب کردیتا کہ ہر وضو کے ساتھ مسواک کریں _

حضرت امام صادق (ع) فرماتے ہیں : جمعہ کے دن ناخن کاٹنا ، جذام ، جنون ، برص اور اندھے پن جیسے امراض سے دور رکھتا ہے _ (121)

روایت کى جاتى ہے کہ ناخنوں کے نیچے شیطان کى خوابگاہ ہوتى ہے _ (122)

حضرت على علیہ السلام فرماتے ہیں : کھانا کھانے سے پہلے اور اس کے بعد ہاتھوں کو دھونا ، عمر کو بڑھاتاہے ، لباس کومیلے ہونے سے محفوظ رکھتا ہے اور آنکھوں کو نورانى بناتا ہے _(123)

 

107_محجة البیضاء ج 1 ص 166
108_مجمع الزوائد ج 1 ص 132
109_بحار الانوار ج 79 ص 300
110_شافى ج 1 ص 208
111_بحار الانوار ج 76 ص 175
112_ بحارالانوار ج 76 ص 175
113 _بحار الانوار ج 76 ص 177
114_شافى ج 1 ص 208
115_شافى ج 1 ص 215
116_بحارالانوار ج 76 ص 176
117_بحارالانوار ج 76ص 176
118_شافى ج 2 ص 124
119 _شافى ج 1 ص 209
120_شافى ج 1 ص 210
121_شافى ج 1 ص 211
122_شافى ج 1 ص 211
123 _شافى ج 2 ص 123