پایگاه اطلاع رسانی آیت الله ابراهیم امینی قدس سره

تسلى اور دلجوئي

تسلى اور دلجوئی

جس طرح سے مرد ہمیشہ ایک حال میں نہیں رہتے اسى طرح عورتیں بھى مختلف حالات سے گزرتى ہیں کبھى خوش و مسرور اور مسکراتى ہوئی اور کبھى غمگین و افسردہ اور کبھى بدمزاج اور غصہ کى حالت میں اس کى مختلف وجوہات ہوسکتى ہیں مثلاً گھر کے دشوار کاموں کے سبب بہت تھک گئی ہوں _ بچوں کے شور و ہنگاموں نے پریشان کردیا ہو _ کسى جان پہچان والے یا ہمسایہ کے طعنہ اور تیر ونشتہ نے رنجیدہ کردیا ہو _ ساتھیوں کى غلط شان وشوکت اور چمک دمک سے متاثر ہوگئی ہوں _ جى ہاں اس قسم کے گوناگوں حالا ت پیش آسکتے ہیں جنھوں نے ان کى روح پر ایسا ڈالا ہو کہ پریشانى کى شدّت نے انھیں بے حال کردیا ہو اور اپنے دل کى بھڑاس نکالنے کے لئے کسى بہانے کى تلاش میں ہوں _

خواتین چونکہ لطیف و نازک احساسات و جذبات کى مالک ہوتى ہیں اس لئے مردوں کے مقابلے میں ناگوار حادثات سے جلدى متاثر ہوجاتى ہیں اور اپنے رد عمل کا اظہار کردیتى ہیں _ معمولى بات سے رنجیدہ اور غصہ ہوجاتى ہیں چونکہ جذباتى ہوتى ہیں اس لئے دشواریوں کو برداشت کرنے کى ان میں تاب نہیں ہوتى اور فوراً چیخنا چلّانا شروع کردتى ہیں _

ایسے موقعوں پر انھیں کسى کى تسلى اور ہمدردى کى ضرورت ہوتى ہے نرمى اور ملائمت سے ان کے اعصاب کو سکون پہونچانا چاہئے _ اور اس کام کے لئے شوہر سے بہتر او رکوئی نہیں ہوسکتا کیونکہ وہ ان کا شریک زندگى ، غمخوار اور محرم ترین انسان ہے _ ایسے موقع پر شوہر کو چاہئے اپنى بیوى کى مدد کریں اور اس کى پمردہ اعصاب کو سکون پہونچائیں _

برادر عزیز جب آپ گھر میں داخل ہوں اور اگر دیکھیں کہ آپ کى بیوى غصہ میں ہے یا پریشان ہے _ اس کى صورت بگڑى ہوئی ہے یا چہرہ اترہواہے تو اس کى خلاف توقع حالت کو دیکھ کراسکے حال زار پررحم کھایئے اگر ناراضگى یا پریشانى کے سبب اس نے آپ کو سلام نہیں کیا تو آپ سلام کرلیجئے سلام کرلینے سے آپ کى عزت نہیں گھٹ جائے گى _

نرمى و محبت سے اس سے بات کیجئے _ ہرروز سے زیادہ گرمجوشى اور محبت و مہربانى کا مظاہرہ کیجئے _ ترشروئی اور غصہ سے پرہیز کیجئے _ گھر کے کاموں میں اس کى مد دکیجئے دھیان رکھئے کہ آپ کے منھ سے کوئی نامناسب یا سخت لفظ نہ نکل جائے _ مسخرہ پن کرنے سے اجتناب کیجئے _ اگر بات کرنے کے موڈ میں نہیں ہے تو اس کے پیچھے نہ پڑجایئےلکہ اسے اس کے حال پر چھوڑ دیجئے _ یہ نہ کہئے کہ کیا ہوگیا کیوں منھ پھلائے بیٹھى ہو؟ اگر آپ سے اپنا درد دل کہنا چاہے تو اس کى باتیں خوب توجہ سے سنئے اور اظہار افسوس کیجئے _ اور ایسا اظہار کیجئے گویا جو ناگوار واقعات پیش آئے ہیں ان سے آپ اس سے بھى زیادہ متاثر ہوئے ہیں اس کو دل بھر کے اپنى باتیں کہہ لینے دیجئے تا کہ اس کا دل ہلکا ہوجائے _

جب وہ پر سکون حالت میں آجائے تو ایک مہربان سرپرست بلکہ ہمدرد شوہر کى مانند ، اس کى پریشانیوں کو رفع کرنے کے لئے عقل و تدبر سے کوشش کیجئے _ اس کو تسلى و تشفى دیجئے اور صبر و بردبارى سے کام لینے کے لئے ہمت دلایئے خوش گفتارى کے ساتھ نرم لہجے میں دلیل و ثبوت کے ذریعہ زندگى کے ناگوار حادثات کو ناقابل اعتنا اور معمولى بتایئے حوادث زمانہ کو برداشت کرنے کے لئے اس کى حوصلہ افزائی کیجئے _ اور قابل علاج مسائل میں اس کى مدد کرنے کا وعدہ کیجئے _ اگر آپ نے ذرا صبرو تحمل اور دانشمندى سے کام لیا تو بہت جلد پریشانى اور تشویش سے نجات مل جائے کى اور آپ کى زندگى پہلے کى مانند بلکہ اور بہتر طریقے سے معمول پر آجائے گى لیکن اگر آپ نے اس کى وقتی غصہ اور تند مزاجى کے مقابلے میں بد اخلاقى اور بدمزاجى کا مظاہرہ کیا تو ممکن ہے لڑائی جھگڑے اور مارپیٹ کى نوبت آجائے بلکہ اس کا بھى امکان ہے کہ آپ میں سے کسى ایک یا دونوں کى ضد کے سبب طلاق وجدائی کى نوبت آجائے _